راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) چیف سیکرٹری پنجاب نے مری میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے 166 بلڈنگ نقشوں کے آڈٹ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔اس بات کا انکشاف کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چھٹہ نے دورہ مری میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مری میں باقاعدہ عمارتوں کاتعمیراتی آڈٹ کیا جا رہا ہے، ان میں سے خلاف قانون ثابت ہونے والے نقشوں کو نہ صرف منسوخ کیا جائے گا بلکہ منظوری دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام نقشوں کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کمیٹی کی تحقیقات کی تکمیل تک کوئی بلڈنگ نقشہ مری میں منظور نہ کیا جائے گا۔کمشنر کیمپ آفس میں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کی زیر صدارت اجلاس میں بھوربن کرکٹ سٹیڈیم، مری جنرل ہسپتال اور مری میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی عمل لائی جا رہی ہے، اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت بھی اجازت نہ دی جائے گی۔ کمشنر نے مری میں صفائی کے انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سیاحوں کیلئے شہر میں مثالی صفائی کا بندو بست ہونا چاہئے اور اسسٹنٹ کمشنر مری صفائی پر مامور عملہ کی ذاتی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صفائی کے انتظامات کا وہ ذاتی طور پر جائزہ لیں گے۔کمشنر نے کہا کہ مری میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائے بھی جائیں۔