گوجرانوالہ(نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے انجام کو پہنچ چکا،سہولت کار بتائیں وہ اب بھی کیوں حمایت کررہے ہیں، کیوں ایسے شخص کو بچانا چاہتے ہو جس کی کشتی گہرے پانی میں ڈوب چکی ہے، عدالتی فیصلہ آتے ہی پلستر کیسے اتر گیا؟کل تک امریکی سازش کا رونا رونے والا آج انکے پاؤں پکڑ رہا ہے،کیا ایسے نشیٔ کے حوالے قوم کی تقدیر کی جاسکتی ہے،جو اپنی بیٹی کو انصاف نہ دے سکا وہ ملک کو کیا انصاف دے گا، مریم جب آئینہ دکھاتی ہے تو توہین عدالت یاد آجاتی ہے، جس اسمبلی سے بڑی اکڑ سے نکلا اب روز واپسی کی منتیں کررہے ہیں، نوازشریف کو سزا دینے والے جج بول اٹھے کہ ہم سے جھوٹی سزا دلوائی گئی، توہین عدالت تب ہوتی ہےجب چور،ڈاکوباہر دندناتاپھرتا ہے، ہمیں امپورٹڈ کہنے والا خود ایکسپورٹ ہونے کو تیار بیٹھا ہے، عمران خان کو پتہ ہے کہ وہ ختم شد، اس کی تمام شازشیں ناکام ہوگئیں، عمران خان کی رہائش گا ہ زمان پارک کا نام اب ضمانت پارک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوجرانوالا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ توہین عدالت تب نہیں ہوتی جب وزیراعظم کوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر دفتر سے باہر کردیتے ہو؟ توہین عدالت تب ہوتی ہے، جب تم اپنی جائیداد اور بیٹی چھپاتے ہو، اس جھوٹ کے ساتھ تم نے چار الیکشن لڑے، جو شخص اپنی بیٹی کو نہیں مان سکتا وہ پاکستان کو کیا انصاف دے گا؟انہوں نے کہا کہ توہین عدالت تب ہوتی ہے جب چالباز کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے، توہین عدالت تب ہوتی ہے جب عدالت پیشی کا کہے اور یہ احکامات روندتا ہے، ایک اقامہ ؟ اگر وزیراعظم کو نکالنا تھا تو بہانہ تو کوئی تلاش کرکے لاتے، کہا جاتا تھا کہ نوازشریف ایک گھنٹے میں پیش ہو اور نوازشریف پیش ہوتا تھا، اس کو عدالت بلا رہی ہے اور وہ آگے سے پلستر دکھا دیتا ہے، نوازشریف کا مذاق اڑاتے تھے ، پانچ ماہ سے پلستر نہیں اتر رہا۔مریم نے کہا کہ نواز شریف کی بیوی کا مذاق اڑاتے تھے ، آج عدالت بلاتی ہے تو پلستر والی ٹانگ دکھا دیتا ہے، نواز شریف کے خلاف فیصلے برق رفتاری سے آتے تھے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان نے جھوٹے سائفر دکھا دکھا کر الزامات لگائے اب امریکا سے معافی مانگ رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں امپورٹڈ کہنے والا خود ایکسپورٹ ہونے کو تیار بیٹھا ہے، 2018ء میں آر ٹی ایس بٹھا کر الیکشن چوری کیا گیا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے فتنے، نوسرباز، گھڑی چور کو پہلے گوجرانوالہ نے پہچانا تھا، اس کا 2014 کا ناکام دھرنا سب کو یاد ہے۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ بڑی تکلیف ہے مریم نے یہ کہہ دیا، وہ کہہ دیا، پرویز الٰہی کی آڈیو سنی ہے؟ ڈاکٹر یاسمین راشد کی آڈیو سنی؟ فواد چودھری کی آڈیوسنی ہے ناں؟ اب ٹرک پھڑیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اب یہ نہ کہہ دینا ٹرک مریم نواز چلا رہی تھی، یہ ٹرک اس ملک کو لے کر بیٹھ گیا ہے، اس ٹرک کے چاروں پہیے پنکچر کر کے گھر بھیجیں گے، اب مریم نواز کو کوئی تقریر کرنے کی ضرورت نہیں، جہاں ٹرک چلتا دیکھو گے خود ہی سمجھ جاؤ گے۔