ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں کارروائیاں، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر ڈرنک کارنرز، سویٹس اینڈ بیکرز، ملک شاپس کو بھاری جرمانے عائد، 40 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 50 ساشے ممنوعہ گٹکا، 10 کلو کھلے اور ممنوعہ اجزاء تلف کردیے گئے، تفصیلات کے مطابق اڈہ لطف آباد ملتان میں ڈرنک کارنر کو گٹکا بیچنے پر 15 ہزار جرمانہ کردیا گیا۔ اسی طرح مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر بوسن روڈ بائی پاس پر سویٹس شاپ کو 15ہزار، زائدالمیعاد مشروبات فروخت کرنے پر راجپوت کالونی خانیوال میں کریانہ سٹور کو 10 ہزار ، چائنہ نمک فروخت اور ایکسپائری مصالحہ جات بیچنے پر مرضی پورہ بورے والا میں کریانہ سٹور کو 15 ہزار روپے،لودھراں کے علاقے جلال پور موڑ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر ڈیری شاپ کو 10ہزار جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ ایکسپائری خوراک کا استعمال مہلک امراض کا باعث بنتا ہے۔اس حوالے سے صحت دشمن عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔