لاہور (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے آج لاہورمیں ریلی کی قیادت کریں گے‘ ایک ایجنڈے کے تحت تحریک انصاف کی لیڈرشپ پر جعلی پرچے کرائے جا رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ اصلی شیر آج زمان پارک سے نکلے گا‘ الیکشن کے نام پر ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں‘ پاکستان کے حالات صرف کپتان بدل سکتا ہے‘بگڑی اولادوں کا سیاسی مستقبل ختم ہو رہا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر اورنائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان لیڈر نہیں بلکہ سب سے بڑاگیدڑہے ‘ثاقب نثار آج خود کہہ رہاہے کہ میں نے عمران خان کو مکمل صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا تھا ‘ خود کو بابا رحمت سمجھنے والا پاکستان کیلئے بابا زحمت ثابت ہوا‘مسلم لیگ (ن) انتخابات کی تیاری کیلئے میدان میں اتر چکی ہے مگر پہلے احتساب ، پھر انتخاب ہو گا ‘ہم اپنی تلاشی دے چکے ہیں اب عمران خان کی تلاشی دینے کی باری ہے‘یہ عدلیہ بچاؤ نہیں بلکہ عدلیہ سے بچاؤ تحریک ہے‘تم عدلیہ کی نہیں اپنی فکر کرو‘عمران خان نے عدالت میں ایسی بیماری کا بہانہ بنایاجس کا میں نام لینا مناسب نہیں سمجھتی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 2023 کے لیے نعرہ ہے، نظام بدلو، حالات بدلو۔ آج پی ٹی آئی کی ریلی دن ایک بجے زمان پارک سے داتا دربار تک نکلے گی‘عمران خان قیادت کریں گے ‘ آج تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا پہلا دن ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے تسلیم کیا کہ وہ مانتے ہیں ان کی عمران خان سے ذاتی لڑائی ہے، کیا ملک رانا ثنا اللہ کی ذاتی لڑائی کی بنا پر چلے گا ؟آئی ایم ایف پروگرام کے دور دور تک کوئی نشان نظر نہیں آرہے ہیں جبکہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ہم امید کرتے ہیں الیکشن کا انعقاد 90 دن کے اندر ہو گا۔ ہمیں عدلیہ سے بہت زیادہ امید ہے، آئین و انسانی حقوق کا تحفظ عدلیہ نے کرنا ہے۔مریم نواز کی چھوٹی سوچ پر پرچے درج کریں گے تو پھر ملک بنانا ری پبلک بن جائے گا۔بگڑی ہوئی اولادوں کو لگ رہا ہے، ان کا سیاسی مستقبل ختم ہو رہا ہے‘ملک آئین وقانون کے مطابق چلے گا بگڑی اولادوں کے مطابق نہیں۔ادھرشیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کا بیڑا غرق کیا،آج وہ خود کہہ رہے ہیں کہ اس وقت کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ نوازشریف کی نااہلی وقت کی ضرورت ہے مگر اب بھی وہ پورا سچ نہیں بول رہے، انہیں ان لوگوں کے نام قوم کو بتانے چاہئیں جنہوں نے ہمارے خلاف سازش کی ۔آج ثاقب نثار کہہ رہے ہیں کہ میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا کیونکہ اس کا پول سب کے سامنے کھلنے والا ہے۔آپ کے واٹس ایپ اس وقت ہیک کیوں نہیں ہوئے تھے جب آپ بدنام زمانہ جے آئی ٹی بنا رہے تھے،تمہیں معلوم نہیں تھا کہ اس سے صرف واٹس ایپ ہیک نہیں ہو گا بلکہ ملک کی ترقی ہیک ہو گی‘عمران خان پاکستان کی تاریخ کا نااہل ترین شخص ثابت ہوا ہے اور وہ انتہائی بزدل آدمی ہے اسے گرفتاری سے ڈر لگتا ہے ۔