راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پی ایس ایل 8 کے دوران پنڈی میں ہونے والے تیسرے نمائشی خواتین میچ میں ایمازونز نے سپر ویمن کو 33 رنز سے شکست دے دی اور سیریز دو ایک سے جیت لی۔ پی سی بی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کرکے ستمبر میں ہونے والی پی ایس یل کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔سری لنکا کی چماری آتا پاتو نےسنچری بنائی،پلیئر آف دی میچ ڈینی ویٹ نے20گیندوں پر43رنز بنائے اور43رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہفتے کوپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ایمازون کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 218 رنز بنائے۔ ایمازونز کی کپتان بسمہ معروف نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ٹیم کے بڑے ٹوٹل میں تجربہ کار ڈینی ویٹ نے 43 اور ٹیمی بیاماؤنٹ نے 39 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ سپر ویمن کی ایمن انور نے دو جبکہ چماری آتا پا، ند ڈار، ام ہانی، طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 219 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سپر ویمن مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔ اس اننگز میں سپر ویمن کی سری لنکن بیٹر چماری کی 60 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابلِ شکست باری تھی، تاہم یہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکی۔