کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے قتل کراکے الیکشن منسوخ کرانے کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن روکنے کے لئے انہوں نے کچھ کرنا ہے، قوم ساری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لئے یہ ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اتوار کے روز لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کا اعلان کردیا۔ عمران خان نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، ہمارے کارکنوں نے بتایا کہ جہاں سے ہمارے قافلے گزرے پولیس ہمارے ساتھ تھی، یہ جو مسلط ہیں ہم پر یہ ہمیں انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہوں اتوار کو دو بجے الیکشن ریلی کی قیادت کروں گا، کل لاہور کے لوگوں نکلنا ہے یہ بتانے کیلئے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، کل لاہور کے لوگ نکلیں گے کل ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے۔