راولپنڈی، اسلا م آباد (اپنے رپورٹر سے،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی سمیت پنجاب کے 13اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ مہم کے دوران ایک کروڑ 13لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائینگے۔ پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے کہا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں پولیو مہم سات روز تک جاری رہے گی جبکہ باقی اضلاع میں یہ مہم پانچ روز تک جاری رہے گی۔ خضر افضال نے مہم کے پہلے روز راولپنڈی میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔ دریں اثناء اسلام آباد میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے روز اسسٹنٹ کمشنروں نے اپنے علاقوں میں پولیو ٹیموں کے کام کی رفتار اور طریقہ کار کو چیک کرنے کے سلسلے میں دورے کئے۔