پشاور( وقائع نگار)خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے اشتراک سے پشاور کیمپس میں تین روزہ ٹیکنالوجی مقابلے کا انعقاد کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان تھے۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹرایڈمن اینڈ فنانس ٹورازم اتھارٹی خورشید عالم اورڈائریکٹر کیمپس فاسٹ ڈاکٹر عمر عثمان بھی موجود تھے۔ تقریب میں تکنیکی اور غیر تکنیکی مقابلوں کیساتھ ساتھ قوالی پرفارمنس، کنسرٹ اور کھیلوں کی تقریبات بھی شامل تھیں۔ڈائریکٹرجنرل ٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان نے کہا کہ قوم کی تعمیر اور ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے ۔ تحقیقی جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے کلچر کے بغیر قومیں ترقی نہیں کر سکتیں۔ ڈائریکٹر کیمپس فاسٹ ڈاکٹر عمر عثمان نے تقریب میں شرکت کرنے پر ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ایونٹ میں طلبہ اور پیشہ ور افراد کو اپنی صلاحیتوں اور علم کا مظاہرہ کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کیاگیا۔انہوں نے ملک میں ٹیکنالوجی کواور تحقیق کو فروغ دینے ،یونیورسٹی اور سیاحتی صنعت کے مضبوط روابط پیدا کرنے کے اپنے وژن کابھی اظہار کیا۔ تقریب کے دوران مقابلہ جیتنے والوں میں مہمان خصوصی نے انعامات بھی تقسیم کیے ۔ایونٹ کے آخری روز خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے طلباء و طالبات کیلئے پشاورسٹی ٹوور کا بھی اہتمام کیا گیا۔