اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی ایک کانفرنس مغربی افریقہ کے ملک موریطانیہ میں ہو رہی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر، فلسطین میں انسانی حقوق کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور اسلام فوبیا کے مکمل خاتمے کی کوششوں کو تیز کرنے کے اقدامات پر بھی مشاورت ہوگی۔ اسلام آباد میں سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو 17,16 مارچ کو ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی صدارت اس وقت پاکستان کے پاس ہے۔ ذرائع کے مطابق جدہ میں تعینات پاکستان کے خصوصی نمائندے برائے او آئی سی سید محمد فواد شیر موریطانیہ پہنچ گئے ہیں جو پاکستان کے حوالے سے متعلقہ امور کا جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ کانفرنس کے موقع پر او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کیلئے الیکشن ہوگا اور اس عہدے کیلئے پاکستان بھی امیدوار ہے۔