کراچی(سید محمد عسکری) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیرمین پروفیسر نسیم میمن نے کنٹرولنگ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزاروں غریب طلباء کے مستقبل کو بچانے اور بورڈز کے اندر افراتفری/بدعنوانی سے سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ تعلیمی بورڈز کی کنٹرولنگ اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں پروفیسر نسیم میمن نے کہا ہے کہ کچھ اہم عوامل کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیا جا سکے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ اہم اسامیوں کا خالی ہونا اور ایپکا یونین کا کردار ہے۔ بورڈ میں سیکرٹری، کنٹرولر آف ایگزامینیشن اور آڈٹ آفیسر کی اسامیاں 5 سال سے خالی پڑی ہیں اور مذکورہ عہدوں پر بورڈ کے کچھ افسران کئی سالوں سے قائم مقام چارج/ایڈہاک کی بنیاد پر تعینات ہیں۔ ملازمت کی نوعیت کی اہمیت اور قائم مقام چارج کی بنیاد پر اپنے عہدوں پر فائز افسران کی اہلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی بھی ان کے عہدہ کی ذمہ داری کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا ہے جس سے ہزاروں طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔