ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب امین اویسی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں صفائی اور خوبصورتی کے حوالے ماڈل سٹریٹ کے پلان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملتان،بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان میں ایک ایک گلی کو ماڈل سٹریٹ قرار دے دیا گیا ہے جنہیں صفائی اور تزئین و آرائش کے حوالے سے مثال بنایا جائے گا۔ انہوں نے " صفائی نصف ایمان ہے" مہم کی رفتار برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔یہ ہدایت انہوں نے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی جاری کی ۔اجلاس میں کمپنی سیکرٹری کبیر خان،چیف انٹرل آڈیٹر طاہر آصف،منیجرز عقیل احمد، ساجد ریاض، انوارالحق، آصف شبیر اور محمد عمران خان نے شرکت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ ملتان میں جیلانی روڈ، ڈی جی خان میں گلی نمبر1 تین مرلہ سکیم اور بہاولپور میں حبیب کالونی کو ماڈل سٹریٹ کا درجہ دے دیا گیا جن کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور صفائی کے حوالے مثالی سٹریٹ بنایا جائے گا۔انہوں کہا کہ ان سٹریٹس کو مثال بنا کر دوسرے شہریوں کو ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے مہم کو اسی رفتار سے جاری رکھا جائے اور روڈ واشنگ اور خالی پلاٹوں کی صفائی کا ہدف حاصل کرنے تک مہم جاری رکھی جائے۔ امین اویسی نے جیلانی روڈ کا بھی دورہ کیا اور سپانسر کی مدد سے پورے روڈ کی دیواروں کو رنگ و روغن کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر منیجر آپریشنز انوارالحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ816 میں سے 293 پلاٹ سے کوڑا کرکٹ اٹھا لیا گیا ہے جبکہ 60 کلومیٹر طویل سڑکوں کی پانی سے دھلائی کردی گئی ہے۔