• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل میں رمضان کے دوران 60 مقامات پرتراویح ادا کی جائیگی

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)سینٹرل جیل اڈیالہ میں امسال رمضان المبارک میں 60 سے زیادہ مقامات پرنمازتراویح ادا کی جائے گئی ،جیل انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک میں اڈیالہ جیل کی مختلف بارکوں میں ساٹھ کے قریب تراویح کی جماعتوں کا اہتمام کیاجائے گا،ان میں اڈیالہ جیل میں مقید اسیران امامت کے فرائض سرانجام دیں گے ان میں قرآن پاک کے 16حفاظ بھی شامل ہیں جب کہ دیگر32ایسے قیدی شامل ہیں کہ جوقرآن پاک حفظ کررہے ہیں ۔ 12وہ قیدی بھی امامت کرائیں گے جنہیں چندسورتیں زبانی یادہیں ۔جیل ذرائع کاکہناہے کہ جیل میں ایک بڑی مسجدہے جہاں جیل قواعد کے مطابق صرف دن کے وقت ہونے والی دونمازیں نمازظہر اورنمازعصر باجماعت ادا کی جاتی ہیں اوراگرسردیوں میں جب کہ گنتی کھلی ہوتونمازفجرکی جماعت بھی کرائی جاتی ہے جب کہ عام دنوں میں نمازفجر اوردیگردونمازیں یعنی مغرب اورعشاء گنتی بندہونے کی وجہ سے اسیران اپنی بارکوں میں اداکرتے ہیں ۔جیل قواعد کے مطابق روزانہ سورج غروب ہونے سے پہلے تمام اسیروں کوان کے کمروں میں بندکردیاجاتاہے جسے گنتی بندہوناکہتے ہیں ۔ذرائع کے مطابقاڈیالہ جیل کی 8بارکیں ہیں اورہربارک میں آٹھ ،آٓٹھ کمرے ہیں جہاں تقریباً ہرکمرے میں سترسے اسی کے قریب اسیروں کورکھاگیا اورتقریباً ہرکمرے میں نمازتراویح کااہتمام کیاجاتاہے اس کے علاوہ سزائے موت کے سیل ،خواتین اورنوعمراسیروں کی ایک ،ایک بارک اورخواتین کے تین الگ سیل بھی ہیں جب کہ سزائے موت کے قیدیوں کوالگ سیلوں میں رکھاجاتاہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ رمضان المبارک میں جیل انتظامیہ قیدیوں کودیاجانے والا ناشتہ صبح سحری کے وقت فراہم کرتی ہے جس میں چائے ،روٹی کے ہمراہ ایک ،ایک ابلاہواانڈابھی ہراسیرکوفراہم کیاجائے گا،جب کہ افطاری کے وقت ہرقیدی کومعمول کے کھانے کے ہمراہ ،فی کس دوکیلے ،ایک سیب اورشربت فراہم کیاجائے گا،جیل انتظامیہ کاکہناہے کہ بعض اوقات مخیرحضرات یابعض این جی اوزکی جانب سے افطاری کااہتمام بھی کیاجاتاہے ۔
اسلام آباد سے مزید