کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کےچیئرمین وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں جیالا میئر ہوگا تو کیا قیامت ٹوٹ پڑے گی؟ اب ان کو ہضم نہیں ہو رہا کہ کراچی کا میئر پیپلزپارٹی کا ہو لیکن جلد کراچی میں جیالا میئر ہو گا۔
انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بلدیاتی الیکشن شیڈول کو مسترد کرتے ہیں اور سندھ حکومت سے کہتا ہوں کہ فوراً ہائیکورٹ میں ضمنی الیکشن شیڈول کو چیلنج کریں۔
سندھ کے دیگر شہروں میں بھی دل کے مفت علاج کی سہولیات دیں گے،این آئی سی وی ڈی یورپ بھارت کےاسپتالوں کا مقابلہ کر سکتا ہے،کچھ لوگوں کا دعوی ہے کہ وہ 30 سال سے جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں اور میں 30 سال کی عمر کا ہوا تو دنیا کا سب سے بڑا مفت علاج کا سینٹر بنا دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے کورنگی میں 1200بستروں پر مشتمل امراض قلب کے ’’ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز‘‘ اسپتال کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کا شیڈول دینا مذاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلزپارٹی نےحیدرآباد میں کلین سوئپ کیا جبکہ کراچی میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، الزام لگاتے تھے کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن نہیں چاہتی لیکن پیپلزپارٹی نے محنت کے بعد کراچی کا الیکشن جیتا ہے۔
پیپلزپارٹی کبھی تھنڈر اسکواڈ کا مقابلہ کرتی تھی اور کبھی باہر بیٹھے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ صحت میں انقلاب مفت علاج ہے اور این آئی سی وی ڈی کا تسلسل رکنے والا نہیں ہے، ہم دیگر شہروں میں بھی دل کے مفت علاج کی سہولیات دیں گے۔
این آئی سی وی ڈی یورپ بھارت کے کسی اسپتال کا مقابلہ کر سکتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پچھلے 10، 15 سال سے پیپلزپارٹی کی کردارکشی میں لگے ہوئے ہیں ،کچھ کہتے ہیں کہ وہ 30 سال سے جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں اور میں 30 سال کی عمر کا ہوا تو دنیا کا سب سے بڑا مفت علاج کا سینٹر بنا دیا ان کا کہنا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں این آئی سی وی ڈی جیسا ایک ادارہ دکھا دیں۔
انتہا پسندی، دھونس، نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ دیں اور آج کل یہ اپنی نفرت انگیز سیاست چلا رہے ہو تو اپنا نقصان کر رہے ہو۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دل کے مفت علاج کے لیے ہم نیا ہسپتال قائم کر رہے ہیں،امراض قلب کا ایک اور ادارہ قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) بھی کراچی میں موجود ہے۔
پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ جب کسی صوبے یا ملک کو سنبھالنے اور حکمرانی کی ذمہ داری ملے تو آپ کا مینڈیٹ کسی شہر تک محدود نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی حلقے تک محدود ہوتا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین کو نئے زیڈ اے بی(زیب) انسٹی ٹیوٹ اور صحت کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔