• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T20 سیریز، افغانستان نے تاریخ رقم کردی، پاکستان کیخلاف پہلی فتح

کراچی( اسٹاف رپورٹر)افغانستان نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دیکر تاریخ رقم کردی ، یہ ٹی ٹوئنٹی اور کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کیخلاف افغان ٹیم کی پہلی فتح ہے، شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا، افغان اسپنرز اور فاسٹ بالرز نے پاکستانی بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا، پوری ٹیم 92رنز تک محدود رہی،پاکستانی باولرز نےآخر تک مزاحمت دکھائی اور لو اسکورنگ اور یکطرفہ میچ کو بھی دلچسپ بنادیا تاہم افغان ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر 13گیندیں قبل ہدف حاصل کرلیا ، محمد نبی اور نجیب اللہ زردان نے پانچویں وکٹ کے لئے53رنز کی ناقابل شکست شراکت سے اپنی ٹیم کو ہدف کے حصول میں آسانی کردی،محمد نبی کو آل راونڈ پرفامنس پر مین آف دی میچ ایوارڈ سے نواز اگیا،انہوں نے 38رنز بنانے کیساتھ ساتھ 2وکٹیں بھی حاصل کیں۔کپتان شاداب خان نے پہلے اپنے بیٹسمنوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کے کھلاڑیوں کے بھیانک خواب بن گیا،پاکستانی کھلاڑی ریت کی دیوار ثابت ہوئے اس کے سات کھلاڑی دوہرے ہندسے کو نہ چھو سکے، پاکستان کی جانب سے 17کے مجموعی اسکور پر محمد حارث، فضل حق فاروقی کی گیند پر اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، 22کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دوسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب عبداللہ شفیق کھاتا کھولے بغیر ہی آوٹ ہوگئے،39کے مجموعی اسکور پر انٹرنیشنل کیرئیر کا پہلا میچ کھیلنے والے صائم ایوب کی مزاحمت بھی 17رنز پر دم توڑ گئی ، 39ہی کے مجموعی اسکور پر ڈیبوڈنٹ طیب طاہر بھی 16رنز بنانے کے بعد راشد خان کی گیند پر انہیں ہی کیچ دے بیٹھے ، اعظم خان بھی کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوگئے ، کپتان شاداب 12رنز بناکر آوٹ ہوئے، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نےبالترتیب 2،2رنز بنائے، عماد وسیم 18رنز بناکر پویلین لوٹے ، زمان خان 8اور احسان اللہ 6رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔

اسپورٹس سے مزید