کولمبو (جنگ نیوز) کولمبو میں موسمی صورتحال آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سب سے ہاٹ پاک بھارت مقابلے ہاٹ مقابلے سے قبل شائقین اور ٹیموں کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔ میٹ آفس نے آر پریماداسا اسٹیڈیم کے اطراف کم دباؤ کا نظام بننے اور 50سے 70فیصد بارش کے امکان کی وارننگ جاری کر دی ہے۔پچھلے کچھ دنوں میں کولمبو کا موسم خشک رہا ہے، اور ورلڈ کپ میں ابھی تک کسی میچ پر اثر انداز نہیں ہوا لیکن کولمبو کی اس غیر متوقع بارش کی پیشگوئی نے بے چینی بڑھادی ہے۔ میچ رات 7 بجے شروع ہونا ہے، مگر اس سے پہلے ہی شدید گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جس سے ٹاس میں تاخیر یا محدود اوورز کا خدشہ ہے۔ گرائونڈ اسٹاف کے مطابق اسٹیڈیم کے جدید ڈرینیج سسٹم اور کورز کے ذریعے میدان کو 45 سے 60 منٹ میں میچ کیلئے فٹ کیا جا سکتا ہے۔