• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم میں دراڑیں موجود، پاکستانی اسپنرز بڑا خطرہ ہوں گے، سابق بھارتی کرکٹرز کی وارننگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاک بھارت ٹاکرے کیلئے دونوں ملکوں کے شائقین کی طرح سابق کرکٹرز بھی پرجوش ہیں۔ میچ کے حوالے سے بھارتی میڈیا پریشان اور بھارتی بیٹرز کو پاکستانی اسپنر سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دے رہا ہے ۔ بھارتی مبصرین اور ماہرین کے مطابق ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق پاکستان کے اسپن اسلحہ خانہ میں موجود ہیں، کولمبو کی کنڈیشنز اجازت دیں تو اس کو مزید مضبوط بھی کیا جا سکتا ہے۔ نمیبیا کے خلاف پانچ اور امریکا کے خلاف3بھارتی بیٹرز اسپنرز سےآؤٹ ہو ئے۔ بھارتی ٹیم میں چھوٹی دراڑیں ہیں جنہیں بڑے ٹورنامنٹ میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور پاکستان کے خلاف میچ میں چھوٹے کریکس بڑے ہوسکتے ہیں۔ بھارتی بیٹرز کا سلو ڈاؤن ہونا ہی اس میچ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ دوسری جانب سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کو ڈاٹ بالز کم کھیلنے کا مشورہ دے دیا اور کہا ہے کہ میچ اہم ہے،کرکٹرز کو غلطیوں پر قابو پانا ہوگا۔ سابق کپتان سلمان بٹ نے پاکستانی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم قرار دے کر کہا کہ مسلسل ایک ہی وینیو، ماحول اور موسم میں رہنے اور پریکٹس کرنے کی وجہ سے پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔ کوئی بھی ٹیم باہر سے آتی ہے تو اسے نئے حالات اور کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنے میں وقت لگتا ہے، جبکہ پاکستانی کھلاڑی ان حالات سے پہلے ہی ہم آہنگ ہو چکے ہیں۔ جس کا فائدہ یقینی طور پر پاکستان کو ملے گا۔ پاکستان کے پاس پانچ سے چھ اسپن آپشنز موجود ہیں۔ سابق کپتان عامر سہیل نے عثمان طارق کا ایکشن امپائرز کیلئے سردرد تو ہو سکتا ہے لیکن بیٹر اسے کھیل سے بچنے کیلئے ڈھال نہیں بنا سکتے ۔ بھارتی سابق کر کٹر روی شاستری نے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستانی اسپنرز سے ہوشیار رہنے کو کہا ہے۔ البتہ سارو گنگولی نے کہا کہ بھارت فیورٹ ہے، پاکستان پر ایشیا کپ کی ناکامیوں کا دبائو ہوگا۔

اسپورٹس سے مزید