خط پڑھ دو
بچو! ملا نصیر الدین کوئی افسانوی کردار نہیں بلکہ ایک حقیقی کردار تھے۔ وہ ترکی میں پیدا ہوئے تھے۔ ملا نصیرالدین اپنی ذات میں لطیفوں، چٹکلوں اور حاضر جوابیوں کی وجہ سے مشہور تھے۔ اُن سے وابستہ دو پُر مزاح واقعات درج ذیل ہیں۔
ایک دفعہ ان پڑھ زمیندار خط لے کر ملا نصیر الدین کے پاس آیا اور کہا کہ ’’خط پڑھ دو‘‘ملا نے اتفاقاً بڑی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔ پگڑی اس زمانے میں عالموں کی نشانی سمجھی جاتی تھی۔ اسی لیے زمیندار نے ان کو خط پڑھنے کو کہا۔ ملا نے کہا،’’میں خط نہیں پڑھ سکتا‘‘۔
زمیندار بولا،’’اتنی بڑی پگڑی باندھی ہوئی ہے اور خط نہیں پڑھ سکتے۔‘‘
ملا نے فورا پگڑی اپنے سر سے اُتار کر زمیندار کے سر پر کھ دی اور کہا،اب پگڑی تمھارے سر پر ہے خود ہی پڑھ لو اپنا خط ۔‘‘
آپ مجھ پر یقین کریں گے کہ گدھے پہ؟
ایک مرتبہ ملا اپنے گھر کے آنگن میں بیٹھے تھے، ان کے ایک دوست نے آکر ان سےکہا کہ، ملا مجھے ضروری کام سے پاس کے گاؤں جانا ہے اور کچھ سامان لے جانا ہے، براہ کرم، آپ گدھا دے دیں، میں اسے شام تک لوٹا دوں گا۔ ملا چوںکہ دوست کو گدھا دینا نہیں چاہتے تھے، ٹالنے کے خیال سے یہ کہہ دیا کہ، گدھا کوئی اور لے گیا ہے۔ اتنے میں صحن سے، گدھے کےآواز سنائی دی۔ دوست نے کہا کہ، ملا گدھا تو یہیں پر موجود ہے! تو ملا نے جواب میں پوچھا کہ، آپ مجھ پر یقین کریں گے کہ گدھے پہ؟