اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اتوار کے روز پاکستان سویٹ ہوم کی سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سپیکر نے سویٹ ہوم کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور بڑے جذبے کے ساتھ یہ عظیم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے والے افراد خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سویٹ ہوم کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے۔