لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز میں تقسیم کے تاثر کا ازالہ الیکشن سوموٹو پر فل کورٹ کی تشکیل کی صورت میں ہو سکتا ہے، سیاسی جماعتوں نے ڈائیلاگ کا راستہ نہ اپنایا تو ملک میں رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہو جائے گی۔ قومی ادارے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی دھڑے بندی کا شکار ہو گئے، اداروں کے اندر جنگ کا آغاز بدترین حالات کا آئینہ دار ہے۔ ملک پر ایسا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا، رمضان کے مقدس مہینے میں لاکھوں لوگ صبح آٹے کی تلاش میں نکلتے ہیں، قطاروں میں گھنٹوں تضحیک اور تذلیل کے بعد دس کلو کا تھیلا ملتا ہے،سیکڑوں زخمی، کئی شہید ہوگئے، خواتین پائوں تلے روندی گئیں، سوال یہ ہے کہ کیا حکومت اتنی ناکارہ ہے کہ لوگوں کو آٹا دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی؟ حقیقت یہ ہے کہ نااہل حکمران آئی ایم ایف کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی اتنی لاچار قوم ہے کہ اسے آٹا تک دستیاب نہیں، ہمیں قرضے دو۔