ملتان (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کی جانب سے پنجاب میں الیکشن کے التواء کے خلاف گزشتہ روز ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ امیدوران اسمبلی سے لاکھوں روپے وصول کرکے الیکشن ملتوی کرنا الیکشن کمیشن کی بدنیتی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت مکمل طور پر فیل ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے اچانک الیکشنز کا ملتوی کرنا اس بات کا واضح اظہار ہے کہ ادارے آزاد و خودمختار نہیں بلکہ حکومتوں کے آلہ کار ہیں۔ جماعت اسلامی یہ سمجھتی ہے پاکستان کے مسائل کا حل آزاد الیکشن کمیشن کے علاؤہ کوئی نہیں ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ملتوی کرکے سپریم کورٹ کے حکم کی توہین کی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ادارے اپنی پسند و ناپسند کے فیصلہ کررہے ہیں جو کہ ان کے آزاد اور منصفانہ ہونے پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن ایسا کرنا چاہتا تھا تو اسے چاہیے تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیتا اور فیصلہ کرتا۔ رات کے اندھیرے میں اس طرح اچانک الیکشن کا التوا قابل تشویش ہے۔ ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔