اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سول جج ملک امان نے خاتون جج دھمکی کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی استثنیٰ درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ،قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیلی کے باوجود عمران پیش نہیں ہوئے ، 18 اپریل کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش کیا جائے۔ بدھ کو سماعت کے دوران عمران خان کے وکلاء نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال رکھنے کی استدعا کرتے ہوئےکہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے ان سے سیکورٹی واپس لینے کے متعلق ہائی کورٹ نے بھی نوٹس جاری کئے ہیں ، عدالت کے جج نے کہا کہ سرکار کی طرف سے ابھی کوئی پیش نہیں ہوا، ان کی طرف سے دیکھتے ہیں کیا کہا جاتا ہے ، وقفہ کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر سپیشل پراسیکوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیر حاضر ہیں ، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت میں تبدیل ، استثنی کی درخواست خارج کی جائے، عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی ۔