• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

80 عوامی خدمات کی شفاف فراہمی کی نگرانی کررہا ہے، رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن

پشاور(جنگ نیوز) رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں چھ عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ بنچ میں چیف کمشنر محمد سلیم خان اور کمشنر جج محمد عاصم امام شامل تھے. لوئر دیر سے مجید اللہ نامی شہری نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ جھگڑے میں وہ زخمی ہوا تھا اور ڈاکٹر کے رپورٹ کی باوجود پولیس نے انکی ایف آئی آر درج نہیں کی، کمیشن نے درخواست ڈی پی او کو ارسال کی تھی۔ ڈی پی او نے اپنی رپورٹ میں ایف ائی آر کے اندراج کو درست تسلیم نہیں کیاتاہم کمیشن نے ڈی پی او لوئر دیر اور ایس ایچ او تالاش کو طلب کیا تھالیکن دونوں اہلکار غیر حاضر رہے،کمیشن نے پیشی کے لئے آخری سمن جاری کر دیئے جس کے بعد کمیشن یکطرفہ فیصلہ کرنے کا قانونی اختیار رکھتا ہے۔ ایک اور سماعت کے دوران محمد اسماعیل نامی شہری نے بونیر سے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ والد کے انتقال کے بعد انکو وراثتی انتقالات کے حصول میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،کمیشن نے رائٹ ٹو پبلک سروسز ایکٹ مجریہ 2014 کے تحت ڈپٹی کمشنر بونیر کو وراثتی انتقالات شہری کو فراہم کرنے کے لیے 30 دنوں کا وقت دیا. صوابی سے سلیم خان نامی شخص نے کمیشن کو سرکاری راستے کی حد براری کے لئے درخواست دی تھی، کمیشن نے مشاورت کے بعد مفادات عامہ کے تحت ڈی سی صوابی کو مسئلے کے حل کیلئے خط بھیج دیا. پشاور سے احمد یار نامی شہری نے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست دی تھی۔کمیشن کے احکامات پر ایف آئی آر درج کر لی گئی تھی لیکن شہری ایف آئی آر کی دفعات سے مطمئن نہیں تھا. کمیشن نے ایس ایچ او کو تمام ریکارڈ سمیت پیش ہونے کے احکامات جاری کئے تھے. عدم پیشی کی بنیاد پر کیس کی تاریخ تبدیل کر دی گئی. کمیشن پہلے ہی متعلقہ ایس ایچ او اور ایڈیشنل ایس ایچ او کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات جاری کر چکا ہے. ہری پور سے پرویز خان نامی شہری نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ انکے زمین پر قبضہ کر کے دکانیں تعمیر کی گئی ہے اور مخالفین نے اُن کو زدوکوب بھی کیا ہے لیکن پولیس انکی ایف آئی آر درج نہیں کر رہی. کمیشن نے شہری کو تمام کاغذات سمیت اگلی سماعت پر خود پیش ہونے کے ہدایات جاری کر دیں. نوشہرہ سے محمد عمر نامی شہری نے ایف آئی آر کے عدم اندراج کی شکایت کی تھی. شہری کمیشن کے سامنے حاضر نہیں ہو سکا, کمیشن نے اگلی تاریخ پر شہری کو دوبارہ طلب کر لیا۔کمیشن نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ کمیشن ہر جمعرات کو شہریوں کی شکایات سن رہی ہے. کمیشن اس وقت 80 مختلف عوامی خدمات کی بروقت اور شفاف فراہمی کی نگرانی کررہا ہے۔ ایف آئی آر کا فوراً اندراج ہر شہری کا بنیادی حق ہے, یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کمیشن کی کارکردگی کی وجہ سے عوام اپنے بنیادی حقوق کو سمجھنے لگے ہیں۔
پشاور سے مزید