اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر عمران کی زیر قیادت پی ٹی آئی کی حکومت عدم اعتماد سے نہ ہٹائی جاتی تو ملک ایک برس قبل ڈیفالٹ کرجاتا اور رہائش کے قابل نہیں رہتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر محمود بٹ کیساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے جو تین سال بعد لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران خود کو عتاب سے بچانے کیلئے لندن میں رہائش پذیر تھے۔ ناصر بٹ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی ہیں اور نواز شریف کو سزا سنانے والے مرحوم جج ارشد ملک کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کے کردار میں مرکزی شخصیت تھے۔ جج اعتراف کرچکے تھے کہ انہیں سزا سنانے کیلئے نیب حکام کی جانب سے بلیک میل کیا گیا تھا۔ ناصر بٹ نے اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار کو نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا جبکہ اس موقع پر سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی بھی موجود تھے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ اتحادی حکومت بڑی جدوجہد کے بعد ملک کو سنگین معاشی حالات سے نکالنے میں کامیاب ہوچکی ہے حالاں کہ اس دوران عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے جاری تباہ کن سرگرمیوں کا سامنا رہا ہے۔ ناصر بٹ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ اتحادی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب رہے گی۔