پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری الحاج تاج محمد آفریدی کی زیر صدرات جمعرات کے روز کمشنر آفس پشاور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر پشاور ڈویژن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر، ڈی ایس پی پشاور پولیس، ڈائریکٹر کوارڈینیشن بی آر ٹی، پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پاکستان ریلویز پشاور، اے سی سٹی پشاور اور محکمہ ریونیو کے حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں نگراں صوبائی وزیر الحاج تاج محمد آفریدی نے کا کہا کہ ضلع پشاور و خیبر کو ملانے والی کارخانوں مارکیٹ میں بے ہنگم ٹریفک، غیر ضروری رکاوٹوں اور بلخصوص رمضان المبارک میں بڑھتی ہوئی رش عوام کیلئے مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بہتر ٹریفک نظام رائج کرانے سمیت غیر ضروری رکاوٹوں اور رش کوکنٹرول کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی۔ نگراں صوبائی وزیر نے پشاور کے کارخانوں مارکیٹ میں سڑک پر ٹیکسی کار و رکشوں سے ٹیکس وصولی کی قانونی حیثیت و سالانہ آمدن کی تمام تفصیلات بھی طلب کرلی۔ اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نگراں صوبائی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو آپس میں بھر پور ہم آہنگی پیدا کرنے پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو، نگراں صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مفادات کا تحفظ ترجیح ہے، اس میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔