• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پنجاب کا ایکشن‘ چینی ایکس ملز ریٹ میں اضافہ رُک گیا

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) حکومت پنجاب کا ایکشن‘ چینی ایکس ملز ریٹ میں اضافہ رُک گیا،جمعہ ہفتہ کو محکمہ خوراک و ضلعی انتظامیہ کے چھاپوں سے ایکس ملز ریٹ میں 4روپے کلو کمی ، رمضان سے پہلے سو روپے کلو والی چینی مافیا نے وسط رمضان کو 130تک پہنچا دی تھی ،سٹے بازوں‘ چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کیخلاف نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو اور اُنکی ٹیم کے اقدامات کے مثبت نتائج نکلنا شروع ہو گئے ہیں۔ پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر رکن ماجد ملک کے مطابق ملک بھر میں چینی کے ایکس ملز ریٹ فروری میں 79سے 81روپے کے لگ بھگ کئی ہفتے تک رہے مگر گزشتہ 67دنوں میں چینی کے ایکس ملز ریٹ میں چھتیس روپے کلو تک اضافہ ہو گیا۔ رمضان المبارک کے آغاز سے دو دن پہلے پانچ کلو چینی کے ریٹ 500روپے (100روپے کلو)ہوا کرتے تھے اور 7اپریل کو 630روپے فی پانچ کلو 126روپے کلو تک پہنچ گئے۔ حکومت پنجاب کے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے ایکشن میں آنے کے نتیجے میں چینی کے ایکس ملز ریٹ 117روپے کلو سے کم ہو کر 8اپریل 2023ء کو 113سے 116روپے کلو رہ گئے ہیں۔ دو دن میں چینی کے ایکس ملز ریٹ بڑھنے کی بجائے تین سے چار روپے کلو کمی آ گئی ہے۔ 8اپریل کو خیبر پختونخوا کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ 11ہزار چھ سو روپے فی سو کلو گرام (116روپے فی کلو) رہے جبکہ سنٹرل پنجاب اور لوئر سندھ کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ 11ہزار پانچ سو روپے فی ایک سو کلو گرام (115روپے کلو) کلوزنگ کے وقت ریکارڈ ہوئے۔ جنوبی پنجاب کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ 11ہزار تین سو روپے فی ایک سو کلو گرام (113روپے کلو) رہے۔ بالائی سندھ کی شوگر ملوں کے ایکس ملز ریٹ کم ہو کر 11ہزار تین سو پچاس روپے فی سو کلو گرام (113روپے پچاس پیسے کلو)ہو گئے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید