راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر کی طرف سے بطور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے قبرستانوں کیلئے ماڈل بائی لاز 2023ء جاری کئے گئے ہیں جو فوری نافذ العمل ہونگے۔ نوٹیفکیشن G/ 24کے مطابق ان بائی لاز کا اطلاق میونسپل/میٹرو کارپوریشن حدود میں آنیوالے تمام علاقوں پر ہو گا۔ کینٹ‘ محکمہ اوقاف کے علاقے اور پنجاب شہر خاموشاں اتھارٹی مستثنیٰ ہونگی۔ بائی لاز سے قبل کوئی بھی ایسی جگہ جو دفنانے کیلئے استعمال نہ ہو رہی ہو، اسے لوکل گورنمنٹ کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ قبر کھودنے کی قیمت لوکل گورنمنٹ قبرستان کمیٹی کے ساتھ مل کر مقرر کریگی جبکہ گورکن لوکل گورنمنٹ کا مقرر کردہ ہو گا۔ نادار افراد کے دفنانے کا بندوبست لوکل گورنمنٹ کریگی۔ متعلقہ لوکل گورنمنٹ یوسی قبرستان کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کریگی۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو دفنانے کیلئے مناسب جگہ فراہم کریں۔ لوکل گورنمنٹ 60دن کے اندر ایسی تمام جگہیں جو مردہ دفنانے کیلئے اوپن ہیں کی نشاندہی اور ڈیمارکیشن کریگی۔