• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر کا شہباز شریف ہسپتال کا دورہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک کا شہباز شریف ہسپتال کا دورہ، سول ہسپتال میں یونیسیف کے تعاون سے قائم کیے جانے والے نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سنٹر کا افتتاح، شہباز شریف ہسپتال کی ایمرجنسی میں وائٹل کاونٹرز پر اسٹاف اور ضروری آلات کی عدم موجودگی پر خفگی کا اظہار، ایم ایس ڈاکٹر محمد شعیب اقبال اور دیگر انتظامی افسران کو سروسز بہتر بنانے کی ہدایت۔ دورہ کے دوران شہباز شریف ہسپتال کی ایمرجنسی میں تھرما میٹر، اسٹیتھو اسکوپ، بلڈ پریشر آپریٹس اور ایمرجنسی ادویات کی ٹرے نہ ہونے اور ان ڈور مریضوں کا ٹریٹمنٹ چارٹ نہ بنانے پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری نے ایم ایس ڈاکٹر محمد شعیب اقبال کو انتظامی معاملات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ دورہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کی صورتحال قابلِ اطمینان ہے مگر ہسپتال میں انتظامی معاملات پر خصوصی فوکس کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد کسی کی خامیاں تلاش کرنا نہیں بلکہ صرف اور صرف سروس ڈیلیوری کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر ذوہیب حسن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی، ایم ایس ڈاکٹر محمد شعیب اقبال اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملتان سے مزید