پشاور (جنگ نیوز)نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے زکوٰۃ وعشر سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین سلمیٰ بیگم کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ضلع پشاور کے مختلف مقامات پر محکمہ سماجی بہبود اور ضلعی انتظامیہ کے زیرانتظام رمضان افطار پروگرام کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے جبکہ غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کی طرف سے یتیموں، بیواؤں، بصارت سے محروم افراد اور مستحقین میں رمضان فوڈ پیکیجز کی تقسیم اور مالی امداد بھی روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے سیکرٹری سوشل ویلفیئر ضیاء الحق اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نورمحمد محسود کی نگرانی میں محکمہ سماجی بہبود اور غیر سرکاری فلاحی اداروں کی طرف سے پہلے رمضان المبارک سے اب تک پشاور کے مختلف مقامات پر 27232 مسافروں اور راہگیروں نے رمضان افطار دسترخوان کے تحت روزہ افطار کیا، خیبر بازار میں ہلپنگ یوتھ پاکستان آرگنائزیشن کی طرف سے 9410 مسافروں اور راہگیروں نے افطار کیا ،ترس فاؤنڈیشن نے پشاور بس ٹرمینل جی ٹی روڈ میں اب تک 7970 لوگوں کو افطاری کرائی، ٹول پلازہ حیات آباد میں ماں ویلفیئر آرگنائزیشن نے 7015 اور محکمہ سماجی بہبود کی پجگی روڈ پناہ گاہ میں 2837 روزہ داروں نے افطار ڈنر کیا، اس کے علاوہ مختلف غیر سرکاری فلاحی تنظیموں نے رمضان فوڈ پیکجز اور مستحقین میں مالی امداد کے طورپر نقدی بھی تقسیم کئے، ایس ایل ایف فاؤنڈیشن نے 109 خصوصی افراد اورمستحقین میں رمضان فوڈ پیکجز اور 25 مستحق خاندانوں میں ایک لاکھ روپے تقسیم کئے، کئیر ویلفئیر آرگنائزیشن نے سو سے زائد فوڈ پیکجز تقسیم کئے، ترس فاؤنڈیشن نے پہلے مرحلے میں 4سو جبکہ دوسرے مرحلے میں 2سو مستحق خاندانوں میں فوڈ پیکجز تقسیم کئے، پاکستان ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ نے بصارت سے محروم افراد میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کئے، ماما ویلفیئر آرگنائزیشن نے یتیموں، بیواؤں اور مستحقین میں 2ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کئے، اخلاص ویلفیئر آرگنائزیشن پہلے رمضان المبارک سے روزانہ کی بنیاد پر 2سو لوگوں کیلئے افطار ڈنر پروگرام کا باقاعدگی سے اہتمام کرتی ہے، خواجہ یونس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیراہتمام ورسک روڈ پر مسافروں اور راہگیروں کیلئے افطار دسترخوان پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ تعمیر وطن آرگنائزیشن روزانہ کی بنیاد پر 3 سو سے زائد مستحقین میں افطار پیکیجز تقسیم کرتی ہے۔