کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں منگل کی دوپہر چارٹرڈ فلائٹ پر لاہور سےاسلام آباد پہنچ گئیں اور ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جمعرات کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
تین میچوں کے اختتام پر پاکستان کو سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو21 سے 23 اپریل تک کھلاڑیوں کو عید کی چھٹیاں دی جائیں گی ۔ خیال رہے کہ پیر کی شب قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نےپاکستان کو تیسرے میچ میں چار رنز سے ہرادیا تھا ۔
افتخار احمد نے24گیندوں پر60رنز چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے لیکن وہ میچ فنش نہ کرسکے۔ پاکستانی ٹیم 159رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ آخری اوور میں 15رنز کی ضرورت تھی۔
پلیئر آف دی میچ جیمی نشام نے تین وکٹ حاصل کئے۔دریں اثنا افتخار احمد نے اپنے پرستاروں سے میچ فنش نہ کرنے پر معذرت کی ہے۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ شکست کا بہت زیادہ افسوس ہوا، ہم نے بہت کوشش کی لیکن نہیں جیت سکے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا ہمارا کمبی نیشن ہے ہم سیریز جیت جائیں گے۔