ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈی جی پی ایچ اے آصف رؤف خان نےشہر کے مختلف چوراہوں، گرین بیلٹس اور پارکوں کا دورہ کیا، لینڈ اسکیپنگ، صفائی اور خوبصورتی میں اضافے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے مدنی پارک میں اسپیشل بچوں کیلئے مختص ڈس ایبل فرینڈلی انکلیو پارک کا دورہ بھی کیا صفائی اور دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایات کیں۔ انہوں نے سیوڑہ چوک سے ملحقہ گرین بیلٹ کا دورہ کیا اور گوڈی، چوکی سے خودرو جھاڑیوں کو صاف کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے نانڈلہ چوک سے ناردرن بائی پاس تک سایہ دارپودے لگانے کیلئے احکامات جاری کئے۔ زکریا یونیورسٹی چوک پر تھرڈ پارٹی کی جانب سے تعمیر کی گئی یادگارکے دورہ پر انہوں نے ناقص انتظامات اور یادگار کی تکمیل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی چوک کو خوب صورت بنانے کیلئے بنائی گئی یادگار کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ محمد اسامہ کی جانب سے ڈی جی پی ایچ اے کو یادگار کی تعمیر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے ننگانہ چوک گرین بیلٹ پر کوڑا کرکٹ اکھٹا ہونے پر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ MWMCکی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹس کے اندر کوڑا کرکٹ پھینکنے والے دکانداروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔