کراچی (جنگ نیوز) ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ روسی اور بیلاروس کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر بی ڈبلیو ایف سے منظور شدہ کسی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے پر پابندی کا اطلاق جاری رکھے گا۔ یہ فیصلہ بی ڈبلیو ایف کونسل کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کی حالیہ سفارش کے برعکس جس میں روسی اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو غیر جانبدار کھلاڑیوں کے طور پر مقابلہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، اس شرط پر کہ وہ جنگ کی حمایت نہیں کرتے ہیں یا فوجی وابستگی رکھتے ہیں، بیڈمنٹن فیڈریشن نے گزشتہ سال سے اپنا موقف برقرار رکھنے کا انتخاب کیا ہے۔ اس سے قبل بی ڈبلیو ایف نے یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو اپنے کسی بھی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔ بی ڈبلیو ایف تسلیم کرتا ہے کہ کھیلوں کو تمام لوگوں کے درمیان امن اور یکجہتی کو فروغ دینا چاہئے ، اور کھیل کو جغرافیائی سیاست میں اثر و رسوخ کا سیاسی ذریعہ نہیں بننا چاہئے۔