اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو بھی اشیاءِ ضروریہ بالخصوص چینی کی قیمت بڑھا کر ناجائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرکے چینی کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز چینی کی قیمت، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔وزیرِ اعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو چینی کی ایکس-مل پرائس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنے کی ہدایت کی ۔وزیرِ اعظم نے چینی کے پکڑے گئے اسٹاکس کو صارفین کو سستے داموں فروخت کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، نگران وزیرِ اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ اعلی حکام نےشرکت کی۔ اجلاس کو چینی کی موجودہ ایکس مل قیمت، وزارتِ غذائی تحفظ کی جانب سے اعدادو شمار کے بعد لگائی گئی لاگت کا تخمینہ اور چینی کے ملک میں موجودہ اسٹاکس کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔