• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کا دورہ بھارت نہیں، شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کرنا ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے جارہے ہیں ان کا یہ دورہ بھارت نہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آ ئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا بھارت کا دورہ عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شیری رحمان نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹویئر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری گوا میں ایس سی او کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کر نے جارہے ہیں ان کا یہ دورہ طرفہ دورہ نہیں ہے۔ ان کا یہ دورہ علاقائی اور کثیر الجہتی فورمز پر پاکستان کے مفادات کو آگے بڑھانےکیلئے ہے، اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔جبکہ تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اورفوادچوہدری نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا بھارت کا دورہ کشمیر کے معاملے کو دفن کر کے بھارت سے تعلقات بنانا اس انٹرنیشنل ایجنڈے کا حصہ ہے جسکے تحت اس حکومت کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔جمعہ کے روز ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلقات کے حامی ہیں لیکن کسی طور بھی ذیلی ملک نہیں بن سکتے، تعلقات برابری کی سطح پر اور بنیادی معاملات پر تصفیہ کیلئے ہونے چاہئیں ۔پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک کیلئے اہمیت کھو رہا ہے اور یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔
ملک بھر سے سے مزید