اسلام آباد(نمائندہ جنگ) صوبہ ہائے پنجاب و خیبرپختونخوا کی تحلیل کی گئی اسمبلیوں کی دوبارہ بحالی یا دوسری صورت میں انتخابات کے انعقاد کے لئے پی ٹی آئی کے سربراہ ،عمران خان سے 21 ارب روپے کے انتخابی اخراجا ت وصول کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ پاکستان عوامی لیگ نامی ایک سیاسی جماعت کے چیئر مین نا صر محمود نے بدھ کے روزصدر مملکت ، وفاقی حکومت،وزیر اعظم ، اسپیکر قومی اسمبلی ، الیکشن کمیشن، عمران خان اور حکومتی اتحادی جماعتوں کو فریق بناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 184/3کے تحت یہ درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلیاں آئینی طریقہ کار کے مطابق تحلیل نہیں کی گئی ہیں ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کی اسمبلیاں آئین کے آرٹیکل 112کے تحت دونوں صوبوں کے وزرا ء اعلی کے صوابدیدی اختیار پر تحلیل نہیں ہوئیں بلکہ جنرل ریٹائرڈ قمر باجوہ کے کہنے پر تحلیل کی گئی ہیں ،پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ، عمران خان نے کھلے عام اعتراف کیا ہے کہ دونوں اسمبلیاں جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ کے کہنے پر توڑی گئی تھیں۔