• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرحدی جھڑپ کے بعد چینی وزیر دفاع کی بھارتی ہم منصب سے پہلی ملاقات

کراچی (نیوز ڈیسک) چینی وزیردفاع لی شنگ فو نے چین اور بھارتی افواج کے درمیان 2020میں سرحدی جھڑپ کے بعد پہلی بار اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے براہ راست ملاقات کی ہے، انڈین وزارت دفاع کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اور سرحد پر کشیدگی میں کمی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چینی وزیر دفاع 28اپریل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں موجود ہیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق ایس سی او اجلاس سے قبل دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور سرحدی امور پر تفصیلی مذاکرات کئے۔ مشرقی لداخ میں گلوان کے مقام پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان خونی تصادم کے بعد یہ دونوں وزراء دفاع کی پہلی ملاقات ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ نے چین اور بھارت کے درمیان حالیہ پیش رفت پر بات چیت کی جو سرحد پر امن وامان برقرار رکھنے سے متعلق تھی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تمام مسائل کو طے شدہ باہمی معاہدوں کے تحت ہی حل کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید