وانیہ احمد
ساتھیو! دنیا میں بے شمار جانور پائے جاتے ہیں ۔ ہر ایک کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں لیکن کچھ جانور ایسے ہیں جو حیرت انگیز خصوصیات کے حامل ہیں۔ ان میں سے چند کے بارے میں ہم آپ کو بتا رہے ہیں
٭جامد مینڈک
الاسک میں پایا جانے والا ایک عجیب مینڈک شدید سردی پڑنے پر خود بھی برف کے ساتھ جم جاتا ہے۔ اسکے جمے رہنے کی مدت 6 سے 7 مہینے ہوتی ہے۔ اس عرصہ میں مینڈک کے جسمانی اعضاء جم کر کام کرنا بند کردیتے ہیں اور دوران خون بھی رک جاتا ہے۔ اس عمل کو سائنس کی اصطلاح میں ہائیبرنیشن کہتے ہیں۔ جب گرمی کا موسم آتا ہے تو یہ مینڈک جاگ کر پھر سے جینے لگتا ہے۔
٭ جیومیٹری کے ڈیزائن بنانے والی مچھلی
ایک ایسی مچھلی جو سمندر کے ماحول میں زندہ رہنے کے لئے پانی کی تہہ میں اپنے لئے گھر بناتی ہے۔ وہ یہ گھر پانی کی سطح اور مختلف جگہوں سے اکھٹے کئے ریت کے ذرات سے بناتی ہے۔ لیکن حیران کن بات یہ ہے کے اس کا گھر بھی کسی ڈیزائنر کی تخلیق سے کم نہیں لگتا۔
٭ الکوحل خارج کرنے والی مچھلی
گولڈ فِش اپنے جسم میں سے ‘ایتھینول’ نامی مائع خارج کرتی ہے۔ ایسا صرف سخت سردی میں ہوتا ہے جب پانی جمنے کے درجہ حرارت پر پہنچنے لگتا ہے۔ مچھلی میں موجود خاص پروٹینز لیکٹک ایسڈ کو الکوحل میں تبدیل کردیتے ہیں۔ یہ الکوحل مچھلی کی باریک نسوں کو جمنے کے بعد پگھلتے وقت پھٹنے سے بچاتا ہے۔