پشاور(وقائع نگار)لائیو سٹاک ڈیری، زراعت اینڈ فشریز کا سالانہ ایکسپو 2023 اگست میں پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔ ایکسپو میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیاں حصہ لیں گی دودھ میلا اور جانوروں کی خوبصورتی نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ایکسپو 2023 لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور فارمرز کے لئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ ایکسپو کا افتتاح گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کریں گے جبکہ آخری سیشن کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخو اعظم خان ہونگے۔ایکسپو کی صدارت نگران صوبائی وزیر زراعت عبدالحلیم قصوریہ، سیکرٹری لائیو سٹاک امبر علی خان، سیکرٹری ایگریکلچر جاوید مروت، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر عالمزیب خان کریں گے۔ جبکہ ڈائریکٹر جنرل فشریز ڈاکٹر خسرو کلیم اور ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر جان محمد بھی خصوصی شرکت کریں گے۔ ایکسپو کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ایکسپو میں تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور ہزاروں کی تعداد میں فارمرز شریک ہونگے۔ ایکسپو 2023 میں زراعت اور فشریز کوبھی شامل کیا گیا ہے تاکہ خیبرپختونخوا میں زراعت، لائیوسٹاک اینڈ فشریز ترقی کرسکے۔ لائیوسٹاک فارمرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد آصف اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک ڈیری ایکسپو 2023 ایسوسی ایشن اور ان باکس پاکستان کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے اور یہ ایکسپو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ایکسپو ہوگا انہوں نے ایکسپو کی تیاری کے حوالے سے اپنی تمام تنظیموں کو ہدایات جاری کردی ہیں