اسلام آباد (صالح ظافر) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق الزامات کی تفتیش کے لیے ملک کے اعلیٰ اداروں کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی، انہوں نے مبینہ طور پر گزشتہ ماہ بھاری رقم کے عوض اپنے بیٹے کو پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے ٹکٹ کی تبدیلی/ الاٹ ہونے میں مدد کی تھی۔رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی، جو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے ہیں، کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی دس رکنی خصوصی کمیٹی کو منگل (9 مئی) کو پارلیمنٹ کے کمیٹی روم 7 میں طلب کرلیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا اور امکان ہے کہ کمیٹی ایف آئی اے، آئی ایس آئی، آئی بی اور اگر ضرورت پڑی تو کچھ دیگر ایجنسیوں کی جے آئی ٹی کو بھی تحقیقات کی ذمہ داری سونپے گی۔ انکوائری کے لیے ابتدائی قدم کے طور پر آڈیو کی فرانزک جانچ کی جائے گی تاکہ اسے ٹھوس شواہد میں تبدیل کیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے جس سے پی ٹی آئی کے تمام ٹکٹوں کی تقسیم اور اس میں سابق چیف جسٹس کے ملوث ہونے کے بارے میں انکوائری ہو سکتی ہے۔