اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کے صحافی اور میزبان کو دئیے گئے کرارے جواب کی کلپ وائرل ہونے کے بعد لوگ ان کی تعریفیں کرتے دکھائی دئیے۔بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارتی شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے متعدد بھارتی اور عالمی نشریاتی اداروں کو انٹرویوز دئیے۔انڈیا ٹوڈے ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی دہشت گردی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ پاکستان نے بھارتی نیوی کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اب تک سمجھوتہ ایکسپریس واقعے پر بھی انصاف کا منتظر ہے اور پاکستان جاننا چاہتا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو بھارت پاکستانی عدالتوں میں بچانے کی کوشش کیوں کر رہا ہے؟بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کلبھوشن یادیو اور سمجھوتہ ایکسپریس واقعات پر بات کرنے کے دوران بھارتی صحافی اور میزبان ان کی بات کے درمیان ہی ان سے پوچھتے ہیں کہ اجمل قصاب کون تھے؟وزیر خارجہ بھارتی اینکر کے جواب پر مسکراتے ہوئے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ اعداد و شمار اور حقائق پر دانشمندی اور صبر سے بات کر رہے ہیں جبکہ اینکر ہائپر ہو رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہائپر کا لفظ استعمال کرنے پر بھارتی اینکر قدرے خاموش ہوگئے اور انہوں نے وزیر خارجہ کی سیاست اور ان کی والدہ کی شہادت سمیت ان کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کردیا۔بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے انڈیا ٹوڈے اور دیگر بھارتی نشریاتی اداروں کو دیے گئے انٹرویوز میں ان کی جانب سے کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کیے جانے پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔