کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے صدرپلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ عدالت عالیہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، نمائندہ جیو نیوز اعظم ملک نے کہا کہ حکومتی ٹیم فوٹیج سمیت ہر چیز تک رسائی چاہتی ہے، اس پر عمران خان نہیں مانے ،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے اپنے بیانات سے سوال اٹھتا ہے کہ کیا وہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہوگئے ہیں یا اسے مجبور کر کے ماضی کی طرح اپنے ساتھ ملانا ہے، صدرپلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا کہ رولز کے مطابق اراکین قومی اسمبلی کے استعفے ایک بار منظور ہوکر نوٹیفائی ہوجائیں تو پھر انہیں واپس نہیں لیا جاسکتا، پی ٹی آئی اراکین کے استعفے ایک دفعہ منظور ہونے کے بعد ان کی اسمبلی میں واپس کا کوئی امکان نہیں ہے، رولز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اپنا اطمینان کرنے کے بعد استعفے الیکشن کمیشن کو بھیج دیں تو پھر وہ حتمی ہوتے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کس طرح پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا ہے، عدالت عالیہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، ہائیکورٹ معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کو واپس بھیج سکتی تھی لیکن حتمی فیصلہ اسپیکر کا ہی ہوگا، اداروں کے اندر مداخلت سے پہلے بھی بہت خرابی ہوئی ہے۔ بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ نو مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 10جے آئی ٹیز بنادی ہیں، تھانہ سرور روڈ جہاں جناح ہاؤس واقع ہے اس جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کامران عادل کررہے ہیں، اسی طرح دیگر علاقوں کی ایف آئی آرز کیلئے مختلف جے آئی ٹیز بنائی گئی ہیں، ان جے آئی ٹیز میں آئی بی، ایم آئی یا آئی ایس آئی کا کوئی فرد شامل نہیں کیا گیا ہے، کور کمانڈر ہاؤس لاہور کی جیو فینسنگ کے ذریعہ لوگوں کو پکڑا گیا ہے، ہماری اطلاعات کے مطابق کور کمانڈر ہاؤس کے باہر ہجوم میں 70, 80گاڑیاں بھی پھنس گئی تھیں اس لیے ظاہر ہے ان کی لوکیشن بھی وہیں کی آرہی ہیں ان لوگوں کے گھروں پر بھی پولیس جارہی ہے۔نمائندہ جیو نیوز لاہور اعظم ملک نے کہا کہ زمان پارک آنے والے حکومتی وفد نے عمران خان کو 2200مطلوب افراد کی فہرست دی تھی، عمران خان اور حکومت کے درمیان سرچ آپریشن پر ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے، زمان پارک چھوڑ کر جانے والے چار کارکنوں نے بتایا کہ وہ پچھلے تین مہینے سے زمان پارک میں خیمہ لگائے بیٹھے ہیں، ایک ہفتہ پہلے تک انہیں کھانے پینے کی اشیاء مل جاتی تھیں لیکن پچھلے تین چار روز سے کچھ نہیں مل رہا ہے، حکومتی ٹیم عمران خان کے گھر میں سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت ہر چیز تک رسائی چاہتی ہے، اس چیز پر عمران خان نہیں مانے اور ڈیڈ لاک ہوگیا۔