کوئٹہ(پ ر)نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ اور نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ضلع لورالائی میں بدترین تعلیم زبوں حالی اور حکومت ،محکمہ تعلیم و ضلعی انتظامیہ کی تعلیم دشمن پالیسی و طرزعمل کیخلاف لورالائی شہر میں احتجاجی مظاہرہ ہوا ۔احتجاجی مظاہرے سے صوبائی جنرل سیکرٹری اسفندیار کاکڑ،ضلعی صدر ایڈووکیٹ شریف خان،جنرل سیکرٹری ظریف خان اور مہران خان نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ضلع میں تعلیم کو مکمل طور پر تباہ کرکے بدترین بدعنوانی و بدانتظامی جاری ہے۔نئے تعلیمی سال کو شروع ہوئے تین ماہ سے زائد عرصہ ہوچکا ہے لیکن تاحال سکولوں کو درسی کتب فراہم نہیں کی گئی ہیں اور درس و تدریس کا سلسلہ شروع نہیں ہوا ہے اور سکولوں کو خستہ حال فرنیچر فراہم کرکے اس میں بڑے پیمانے کی کرپشن کی گئی ۔