اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا جس میں اسے کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ، آرٹیکل 245 کا نفاذ بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کا مقصد سیاسی مخالفین کو مسلح افواج سے لڑانا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب خان نے وکیل بیرسٹر گوہر کے ذریعے دائر درخواست میں آرٹیکل 245کے نفاذ کو اور اس کے نتیجے میں ہونے والے کریک ڈائون کو کالعدم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سویلین کو فوجی عدالتوں میں ٹرائل بنیادی آئینی حقوق کے خلاف ہے۔آرٹیکل 245 کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں کیا جا سکتا، آرٹیکل 245 کا نفاذ بدنیتی پر مبنی ہے اور اس کا مقصد سیاسی مخالفین کو مسلح افواج سے لڑانا ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین ہر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے، فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے مذکورہ آئینی حق متاثر ہوگا ،تاریخ میں کبھی ہزاروں سیاسی کارکنوں اور لیڈرز کا فوجی عدالت میں ٹرائل نہیں ہوا۔