پشاور (اے ایف پی، جنگ نیوز) گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے شونٹھر ٹاپ پاس میں برفانی تودہ گرنے سے 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، 15 مویشی بھی مارے گئے، حکام کے مطابق خراب موسم، دشوار گزار راستے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ شونٹھر پاس گلگت بلتستان کو کشمیر سے ملاتی ہے۔ صباح خان نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر سے آنے والے 35 خانہ بدوشوں کے گروپ نے کھائی کے قریب کیمپ لگا رکھا تھا، کیمپ میں موجود افراد گذشتہ رات برفانی تودے کی زد میں آئے، انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 15 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ مقامی پولیس کے ایک عہدیدار محمد ریاض کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں میں زیادہ تر مقامی افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق این ڈی ایم اے، مقامی انتظامیہ، ریسکیو 1122 کے ساتھ رابطے میں ہے، فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات کو ریسکیو و ریکوی کیلئے متحرک کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے 2 پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز دستیاب کر دیے ہیں، ہلاک، زخمی اور لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی جا رہی ہے۔