کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سیاست کو شہداء کی قبر تک لے جانے پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کا دروازہ بند کر کے چابی کنویں میں پھینک دی گئی ہے، لو گ اپنی جان بچانے کیلئے عمران خان کو چھوڑ کر جارہے ہیں، مراد سعید کی جان و مال کی ذمہ داری عمران خان پر آگئی ہے، ذمہ داری سے کہتا ہوں مراد سعید کو عمران خا ن نے چھپایا ہوا ہے، ارشد شریف کیس میں مراد سعیدکی بہت اہمیت ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان بند گلی سے نکلنے کیلئے مذاکرات کا کارڈ کھیل رہے ہیں، عمران خان مذاکرات کے نام پر اپنے 9مئی کے گھناؤنے عمل کا این آر او تلاش کررہے ہیں، نو مئی کے واقعات پر عمران خان کیخلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، تحریک انصاف کو نو مئی کے واقعات پر قوم، مسلح افواج اور شہداء کے خاندانوں سے معافی مانگنا ہوگی، پی ٹی آئی الیکشن پر بات کرنا چاہے تو سینیٹ کا پلیٹ فارم موجود ہے۔میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے نئی پارٹی بنانے کی تصدیق کردی ہے، جہانگیر ترین کی پارٹی میں جو لوگ پہلے ہی شامل ہیں انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے بہت سے لوگ جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں، اگلے دو تین روز میں پارٹی کا نام اور شامل ہونے والے سیاستدانوں کا اعلان کردیا جائے گا۔ سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاست کو شہداء کی قبر تک لے جانے پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کا دروازہ بند ہوگیا ہے، مذاکرات کا دروازہ بند کر کے چابی کنویں میں پھینک دی گئی ہے، آج لو گ اپنی جان بچانے کیلئے عمران خان کو چھوڑ کر جارہے ہیں، جن سانپ ، کیڑوں اور گٹر کے کیڑوں کا میں ذکر کرتا تھا وہ رورہے ہیں، پی ٹی آئی سے جو بڑے نام آرہے ہیں وہ عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں، یہ لوگ عمران خان کو بند گلی میں لے آئے ہیں، پارٹی چھوڑنے والوں میں کچھ کے کرپشن کے معاملات ہیں اور کچھ 9مئی کے واقعات میں ملوث تھے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مراد سعید کو مستقبل کا لیڈر بتایا ہے اب ان کی جان و مال کی ذمہ داری عمران خان پر آگئی ہے، مراد سعید عمران خان کے بہت قریب تھا ان کے بہت سے فیصلوں پر عمل کرتا رہا ہے، ارشد شریف کیس میں مراد سعید کی بہت اہمیت ہے، ارشد شریف کا لیپ ٹاپ بھی مراد سعید کے پاس ہے، ذمہ داری سے کہتا ہوں مراد سعید کو عمران خا ن نے چھپایا ہوا ہے۔