• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو نے پروگرام کا آغاز، نواز نے ایٹمی طاقت بنایا، خطے میں امن و استحکام کیلئے کھیل کے اصول وضح کئے، وزیراعظم

اسلام آباد، لاہور ( ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28 مئی دفاع کی ریڈ لائن ہے‘ 1998ء میں پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے کھیل کے اصول وضع کئے، مسلح افواج نے دشمنوں کے مذموم عزائم کیخلاف ایٹمی پروگرام کی سرپرستی اور حفاظت کی ذمہ داری نبھائی‘ ذوالفقارعلی بھٹو نے جوہری پروگرام کا آغاز کیا جبکہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ‘ہم آزاد ہیں اور رہیں گے‘اب ملک کو معاشی قوت بنانا ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی نفرت اور 28 محبت کی علامت ہے ‘پاکستان کو نفرت کی آگ میں جھونکنے، نوجوانوں کو مکروہ عزائم اور پاکستان کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے بے نقاب ہوگئے‘ کچھ لوگوں نے 2017 میں میری ٹانگیں کھینچناشروع کردیں، نہیں معلوم ان کو ملک سے کیا بیر ہے‘جب میں 2017 میں وزیراعظم تھا تب ڈالر 104 روپے کا تھا جبکہ آج 300 روپے کا ہے، آٹا 33 روپے فی کلو ملتا تھا لیکن آج 120 روپے فی کلو ہے

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا نوازشریف نے اربوں ڈالر ٹھکرائےاور ایبسلوٹلی ناٹ کہا، اگر اس وقت بزدل قیادت کررہا ہوتا تو منہ پر بالٹی ڈالر کر چھپ جاتا ، گیدڑ کو دیکھو مشکل وقت آیاتو امریکا کے پاؤں پکڑ لئے‘نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیں تو ملک میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں‘ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے یوم تکبیر کی سلور جوبلی پر قوم کے نام اپنےبیان میں کہا ہے کہ28 مئی کو بین الاقوامی دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا‘قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے،اسی اتحاد، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کرکے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے‘معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے‘ نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔

ذوالفقار علی بھٹو مرحوم اور بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور بے نظیر نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیراعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔

دوسری جانب لبرٹی چوک لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقدہ یوم تکبیر کی سلور جوبلی تقریب میں کارکنوں کے نام آڈیو پیغام میںمسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو نفرت کی آگ میں جھونکنے، نوجوانوں کو مکروہ عزائم اور پاکستان کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے بے نقاب ہوگئے۔

 اللہ نے یہ ملک 9مئی جیسے سیاہ دن کیلئے نہیں دیا‘پاکستان کے بچے بوڑھے سب نومئی سے نفرت اور اٹھائیس مئی سے محبت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ آج سے25 سال پہلے بہت بڑی آزمائش کا سامنا تھا ایک طرف دفاع وطن دوسری طرف اربوں ڈالر کی پیشکش تھی۔ مجھے جوں ہی پیغام ملا بھات نے دھماکے کئے ہیں میں نے جواب میں دھماکے کرنے کی تیاری کرنے کی ہدایت کی۔یہاں بہت ایبسلوٹلی ناٹ کہا گیا،یہ ہے ایبسلوٹلی ناٹ۔مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نومئی کو ہر پاکستانی کا سرشرم سے جھک گیا،وہ مناظر پاکستان میں دیکھے گئے جو افغانستان یا جنگ زدہ علاقے میں دیکھے جاتے ہیں۔

قومی سلامتی کے اداروں اور پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہوں‘نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا،بل کلنٹن سے نوازشریف کی ذاتی دوستی تھی،نوازشریف نے کہا دوستی اپنی جگہ، پاکستان ایٹمی قوت بنے گا۔آج بھی اللہ کے فضل و کرم سے نوازشریف کے ساتھی کھڑے ہیں دوسری طرف مشکل وقت میں لوگ ریت کی دیوار کی طرح بہہ گئے۔

ملک بنانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے ملک جلانے والے کو کوئی یاد نہیں رکھتا۔میں سوچتی ہوں 28مئی 1998ء کے روز کوئی گیدڑ پاکستان کی قیادت کررہا ہوتا تو منہ پر کوڑے والی بالٹی ڈال کر چھپ جاتا۔

 کلنٹن پانچ ارب ڈالر دے رہا تھا نوازشریف نے کہا کہ میں اپنی قوم کے ساتھ وفاکروں گا۔اس کو کہتے ہیں ایبسلوٹلی ناٹ۔ یہاں سب کچھ جلا دیا گیا تخریب کاری ہوئی پھر بھی پوچھتے ہو دہشت گردی کے مقدمات کیوں بنارہے ہو۔ بچوں کو دہشت گردی کی ترغیب دی گئی‘جو آپ کی رگوں میں بارود بھرے وہ پاکستانی نہیں ہوسکتا۔ نوازیف آئے گا ترقی کا جو سفر ٹوٹا تھا وہ وہاں سے ہی شروع ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید