لاہور(اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کیلئے اپنا اور بھی زیادہ موثر کردار ادا کریگا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں طیب اردوان کی ذاتی وابستگی باعث تقویت اور اطمینان ہے۔ یقین ہے آپکی قیادت میں ترکیہ ترقی کاسفر جاری رکھے گا۔ پیر کووزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیااور دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے۔