لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو جماعت اسلامی پورے ملک کے عوام کو منظم کر کے احتجاج کرے گی۔ کرپشن سے نجات اور اسلامی معیشت معاشی بحران کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک ہومیوپیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی عوام کو ریلیف نہیں دے سکتیں تو بجٹ میں کم از کم اپنے دور حکومت میں اشیائے خورونوش، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لے، دونوں اطراف نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچز کیے تھے۔ حکمران جماعتیں ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہرا کر ان زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتیں جو ملک کے کروڑوں باسیوں کو غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے دیے ہیں۔ پروٹوکول کلچر ختم ہوا نہ غیرترقیاتی اخراجات کم کیے گئے، کابینہ میں اتنے افراد ہیں کہ شاید وزیراعظم کو سب کے نام تک نہ معلوم ہوں۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ آئی ایم ایف کی بجائے خودانحصاری کا راستہ اپنانا ہو گا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت بجٹ میں بجلی ، گیس پر سبسڈی بحال اورپٹرول کی فی لٹر قیمت میں سو روپے کمی کرے۔