اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں ہی ملکی ترقی کا راز پوشیدہ ہے۔خواتین کو جدید تعلیم کے لیے سہولیات کی فراہمی موجود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین منگھوٹ گوجر خان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔حکومت جلدبحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب ہو گی۔انہوں نے گرلز ڈگری کالج کو درپیش گیس اور بجلی کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے ۔پرنسپل سمیعہ نشاط، میجر (ر) افتخار کیانی، پیرا اقرار حسین شاہ، ناصر کیانی، زاہد نگہبان کیانی اور یاسر کیانی نےسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔