• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترین نے تحریک عدم اعتماد میں بھی ہماری مدد کی تھی، خواجہ آصف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ جہانگیر ترین نے تحریک عدم اعتماد میں بھی ہماری مدد کی تھی، سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ عمران خان کے پاس نواز شریف یا بینظیر بھٹو کی طرح گھر کا کوئی بندہ نہیں ہے جسے آگے لاسکیں،سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل بانی متحدہ سے بدتر نظر آتا ہے، جہانگیر ترین کی پارٹی ایم کیو ایم پاکستان بن جائے گی، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ نے بنائی تھی اب عمران خان کے پاس نہیں رہے گی، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست کے مسافر لوگوں کیلئے لگتا ہے کوئی نیا لفظ ایجاد کرنا پڑے گا،سیاست میں مشکل وقت عزت و آبرو سے کاٹنے کے سو طریقے ہوتے ہیں، ان لوگوں کو سیاست میں ایک ہی راستہ معلوم ہے،یہ لوگ جس راستے سے آئے تھے اور اسی راستے سے واپس جارہے ہیں، یہ سب مسافر لوگ ہیں انہوں نے تین تین چار چار ہجرتیں کی ہوئی ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ سے پہلے ہی ہمارے جہانگیر ترین سے رابطے تھے،جہانگیر ترین نے تحریک عدم اعتماد میں بھی ہماری مدد کی تھی، کچھ لوگ جو شاید ہماے ساتھ مطمئن نہیں ہوتے اس لیے وہ جہانگیر ترین کی پارٹی میں شامل ہوئے، جن حلقوں میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار ہیں وہاں ٹکٹ نہ ملنے کے خدشہ کی وجہ سے شاید یہ جہانگیر ترین کی طرف جارہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا خاندان 1857ء سے عملی اور حقیقت پسند لوگ ہیں، انگریزوں کے خلاف جنگ آزادی کے وقت بھی انہوں نے بڑے فائدے اٹھائے آج بھی حقیقت پسند ہیں۔

اہم خبریں سے مزید