اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد ملک امان نے خاتون جج دھمکی کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کو 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ ضمانتی کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے عدالت نے ایس ایس پی سکیورٹی کو کچہری میں سکیورٹی کی رپورٹ جمع کروانے کیلئے نوٹس جاری کر دیا ہے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے ایک روز قبل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی 23 ، 29 مارچ ، 28 اپریل اور 25 مئی کو درخواست استثنیٰ مسترد ہوئی عمران خان کو آج حاضری سے استثنیٰ دینے کی گراونڈ موجود نہیں ہے تھانہ مارگلہ کے مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت کیلئے چیف کمشنر نے عدالت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی ملزم کے وکیل کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی تسلی بخش سکیورٹی کے تحت ٹرائل کورٹ آنے کو تیار ہیں عمران خان جوڈیشل کمپلیکس بھی پیش ہوئے ایس ایس پی سکیورٹی سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ پیشی کیلئے سکیورٹی رپورٹ طلب کرنا ضروری ہے حکمنامہ کے مطابق سماعت کے موقع پر عمران خان اور انکے مچلکے جمع کروانےوالا شخص چوہدری زبیر عدالت پیش نہیں ہوا جس پرانکو شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے عدالت نے عمران خان اور مچلکے جمع کروانے والے شخص چوہدری زبیر کو 6 جولائی کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔